اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ کے مرکزی صدر شوکت علی انجم، سرپرست اعلی چوہدری محمد یاسین، مرکزی چئیرمین چوہدری عبدالرحمن آسی، مرکزی جزل سیکرٹری اسد محمود، فنانس سیکرٹری سید عطاء اللہ شاہ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی انورکمال خان، خیبرپختونخوا کے صدر افتخار احمد اور جنرل سیکرٹری محبوب اللہ نے محنت کشوں اور مزدوروں کے لیے میرج اور ڈیتھ گرانٹس میں اضافے کا فیصلہ کرنے پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، ورکرز ویلفیئر فنڈز کے سیکرٹری ذوالفقار احمد اور گورننگ باڈی کے ممبران خصوصی ورکرز نمائندہ بلال حسین چوہدری کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس انقلابی فیصلے کو مزدوروں اور ان خاندانوں کیلئے نیک شگون قرار دیا۔
پاکستان ورکرز فیڈریشن PWF رجسٹرڈ کے مرکزی قائدین نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی گورننگ باڈی نے میرج گرانٹ کو چار لاکھ روپے سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ ڈیتھ گرانٹ کو بڑھا کر دس لاکھ روپے کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق اس سال سے ہوگا۔مزدور لیڈران نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین صاحب کو یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کی۔
پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے مزدوروں اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنڈکا کردار بے مثال ہے اور کارکنوں کو حقیقی ثمرات پہنچانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن رجسٹرڈ کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کو میرج اور ڈیتھ کی گرانٹ بڑھانے پر مبارکباد پیش کی اور اسے تاریخی قدم قرار دیا جس سے محنت کشوں اور مزدوروں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے مزدوروں کی بہبود کے ایجنڈے پر اعتماد کا اعادہ کیا.