مراکش کشتی حادثہ اور شہریوں کو بیرون ملک تشدد اور یرغمال بنانے کا معاملہ – 4 ملزمان گرفتار

گوجرانوالہ ( کرائم رپورٹر)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے مراکش کشتی حادثہ اور شہریوں کو بیرون ملک تشدد اور یرغمال بنانے کے ایک بڑے کیس میں کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں عمر حیات، محمد سفیان، محمد نعمان اور محمد عثمان شامل ہیں جنہیں حافظ آباد اور گجرات کے مختلف علاقوں سے پکڑا گیا۔

تحقیقات کے دوران سامنے آیا ہے کہ یہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورنے میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم عمر حیات مراکش کشتی حادثے میں ملوث ہے جس نے علی حسن نامی شہری سے فرانس ملازمت کے نام پر 80 لاکھ روپے وصول کیے۔ ملزم نے شہری کو سمندر کے راستے یورپ بھیجنے کی کوشش کی جو بدقسمتی سے حادثے کا شکار ہو گئی اور شہری لاپتہ ہو گیا۔

دوسرے گرفتار ملزمان محمد سفیان اور محمد نعمان نے ایک شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 87 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے، تاہم انہیں کینیڈا کے بجائے انڈونیشیا بھیج دیا گیا جہاں ملزمان کے ساتھیوں نے شہری کو یرغمال بنا کر تاوان وصول کیا اور مختلف اوقات میں اس پر تشدد کیا۔ متاثرہ شہری نے بھاری رقم ادا کرنے کے بعد پاکستان واپسی کی۔

گرفتار ملزم محمد عثمان نے بھی ایک شہری کو کینیڈا ملازمت کا جھانسہ دے کر 11 لاکھ روپے بٹورے مگر شہری کو بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہا۔ ملزم بھاری رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔

ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی پشت پناہی کرنے والے دیگر افراد کی بھی جلد شناخت کر کے گرفتار کیا جائے گا تاکہ انسانی اسمگلنگ اور دھوکہ دہی کی یہ وارداتیں ختم کی جا سکیں۔

ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو اس قسم کے فراڈ اور انسانی اسمگلنگ سے بچایا جا سکے۔