اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے بانی رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے ان کی لازوال محبت اہلیان پاکستان کے لیے باعث فخر اور کشمیریوں سے ہمارے روحانی اور دلی تعلق کی علامت ہے،سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لئے وقف کردی اور جدوجہد آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا، ان کی زندگی کشمیریوں کے لیے ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی دائمی علامت ہے۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پیر کوسید علی گیلانی کی چوتھی برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن میں پاکستانی قوم اور حکومت کی طرف سے سید علی گیلانی کی کشمیر کے لئے بے مثال جدو جہد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، سید علی گیلانی نے اپنی سیاسی بصیرت اور مدبرانہ قیادت سے کشمیر اور کشمیریوں کی آواز کو تاریخ میں زندہ رکھا تاکہ اس کی گونج دنیا کے ایوانوں تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی پاکستان سے لازوال محبت اہلیان پاکستان کے لیے باعث فخر اور کشمیریوں سے ہمارے روحانی اور دلی تعلق کی علامت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لئے وقف کردی اورجدوجہد آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا،ان کی زندگی کشمیریوں کے لیے ظالمانہ تسلط کے خلاف مزاحمت کی دائمی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی سیاسی تعلیمات کشمیریوں کی نسلوں کے لئےحق خود ارادیت سے آگاہی اور جدوجہد کی میراث ہیں ،’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ ،سید علی گیلانی کا یہ نعرہ آج بھی کشمیریوں کی زبان پر بھرپور انداز سے جاری اور جابر کے دل و دماغ پر طاری ہے.