اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صارفین کیلئے مہنگائی کی اوسط شرح اگست میں تین فیصد ریکارڈ کی گئی ہےجو ماہانہ اور سالانہ بنیاد پر نمایاں طور پر کم ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق اگست میں صارفین کیلئے مہنگائی کی عمومی شرح 3 فیصد ریکارڈ کی گئی جو جولائی میں 4.1 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 9.6 فیصد تھی،شہری علاقوں میں مہنگائی کی عمومی شرح اگست میں 3.4 فیصد ریکارڈ کی گئی جو جولائی میں 4.4 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 11.7 فیصد تھی،دیہی علاقوں میں اگست کے دوران مہنگائی کی عمومی سطح 2.4 فیصد ریکارڈ کی گئی جو جولائی میں 3.5 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 6.7 فیصد تھی۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں صارفین کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 2.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 0.9 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 10.8 فیصد تھی، اگست میں ہول سیل پرائس انڈیکس ایک فیصد کی سطح پرریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 0.5 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 6.3 فیصد تھا۔اگست میں شہری علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر6.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 7 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 10.2 فیصد تھا،دیہی علاقوں میں نان فوڈ نان انرجی بنیادی افراط زر7.8 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو جولائی میں 8.1 فیصد اور گزشتہ سال اگست میں 14.4 فیصد تھا،شہری علاقوں میں عمومی بنیادی افراط زر 4.2 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اگست کے دوران تازہ پھلوں کی قیمت میں 21.6 فیصد ،سبزیاں 18.48 فیصد ،آلو8.77 فیصد ،چینی 5.49 فیصد ،دال مونگ 2.81 فیصد ،دال چنا 2.09 فیصد ، دال ماش 1.40 فیصد ،آٹا1.24 فیصد ، دال مسور0.82 فیصد ،بیسن 0.49 فیصد ، ہائیڈروکاربن 7.30 فیصد ،بجلی کی قیمت 6.87 فیصد اور ٹرانسپورٹ خدمات کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر0.71 فیصد کی کمی ہوئی، اس کے برعکس ٹماٹرکی قیمت میں 19.63 فیصد ، پیاز14.38 فیصد ،انڈے 12.84 فیصد ،چکن 4.16 فیصد ،مکھن 3.21 فیصد ،مچھلی 1.46 فیصد ،گڑ0.79 فیصد ،چاول 0.73 فیصد ،مصالحہ جات 0.64 فیصد ،گوشت 0.41 فیصد خشک دودھ کی قیمت میں ماہانہ بنیادوں پر0.34 فیصد کااضافہ ہوا۔