اسلام آباد (کرائم رپورٹر )وفاقی دارالحکومت میں معروف ٹک ٹاکر لڑکی سمیہ حجاب کو اغوا کرنے کی کوشش اور دھمکیاں دینے والے مرکزی ملزم زاہد حسین کو پولیس نے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا، جہاں عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزم حسن زاہد کو پولیس نے حراست میں لینے کے بعد مقامی عدالت میں پیش کیا، جہاں سماعت کے دوران جج نے ملزم سے سوال کیا، “تم نے دھمکیاں کیوں دیں اور اغوا کی کوشش کیوں کی؟” جس پر ملزم نے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “سر غلطی ہو گئی۔”
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس واقعے کے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سرگرم خواتین کو ہراساں کرنا ایک سنجیدہ جرم ہے جس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہری و سماجی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور اغوا کی کوشش جیسے جرائم میں ملوث افراد کو نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرأت نہ ہو۔
واضح رہے کہ سمیہ حجاب کا شمار سوشل میڈیا پر مقبول ٹک ٹاکرز میں ہوتا ہے، اور ان پر یہ حملہ نہ صرف ایک فرد بلکہ خواتین کی آزادی اظہار پر حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔