گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر )وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث تین خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں حسن علی، محمد جمیل اور محمد ناصر رفیق شامل ہیں، جنہیں سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان بیرون ملک ملازمت کے جھانسے دے کر سادہ لوح شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے۔ ان کے خلاف مختلف متاثرہ افراد کی شکایات پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق:ملزم ندیم محمود نے ایک شہری کو اٹلی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 66 لاکھ روپے ہتھیائے۔ملزم ناصر رفیق نے ایک اور شہری کو کینیڈا بھجوانے کے وعدے پر 15 لاکھ روپے وصول کیے۔
ملزم حسن علی نے دبئی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 20 ہزار روپے بٹورے۔ایف آئی اے کے مطابق تمام ملزمان رقم بٹورنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے اور متاثرہ شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے میں مکمل ناکام رہے۔
ملزمان کو گرفتار کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی ایجنٹس اور جعلی ویزہ فراہم کرنے والوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں شہری و سماجی حلقوں نے ایف آئی اے کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ جیسے گھناونے جرم میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں ایسے جرائم کی روک تھام ہو سکے۔