پاکستان کی جانب سے قطر پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) پاکستان نے برادر ملک قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک غیر قانونی، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے، جو قطر کی خودمختاری، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور ریاستوں کے درمیان تعلقات کے بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس بلااشتعال اور غیرقانونی حملے کے خلاف قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا یہ غیر ذمہ دارانہ اقدام اس کی جانب سے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے مسلسل عدم احترام اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کی پالیسی کا ایک اور مظہر ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ایسے اقدامات پر خاموشی اختیار نہ کی جائے اور اسرائیل کو جوابدہ بنایا جائے۔

پاکستان نے اپنے اس اصولی مؤقف کا اعادہ کیا کہ وہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے، اور کہا کہ وہ برادر ملک قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔