چیئرمین سینیٹ سے آسیان انٹرپارلیمانی اسمبلی کی سیکرٹری جنرل آر ستی روزائمیریانتی کی ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسیان انٹرپارلیمانی اسمبلی (AIPA) کی سیکرٹری جنرل آر ستی روزائمیریانتی نے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے معزز مہمان کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا یوسف رضا گیلانی نے AIPA کی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر روزائمیریانتی کو خصوصی مبارکباد دی، اور انہیں آسیان فیڈریشن آف انجینئرنگ آرگنائزیشنز ایوارڈ حاصل کرنے پر بھی مبارکباد پیش کی ملاقات کے دوران پاکستان اور آسیان کے تاریخی و دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیا گیا، جن کی بنیاد 1993ء میں پاکستان کے آسیان کے ساتھ سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کے آغاز سے رکھی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان 2022ء سے AIPA کا باقاعدہ مبصر ہے اور سالانہ اسمبلیوں و فورمز میں متحرک شرکت کر رہا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی INTER-PARLIAMENTARY SPEAKERS’ CONFERENCE (ISC) کے حوالے سے سیکرٹری جنرل کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کانفرنس کا موضوع “امن، استحکام اور ترقی” رکھا گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے AIPA کو ISC میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی کانفرنس کی سفیر مصباح کھر نے تیاریوں اور وژن پر روشنی ڈالی اور خطے میں پارلیمانی مکالمے کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خواتین کو بااختیار بنانے اور قیادت میں ان کی شمولیت کو اپنی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم جز سمجھتا ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق، جمہوری اقدار اور کمزور طبقات کے تحفظ پر بھی زور دیا دونوں رہنماؤں نے ڈیجیٹل معیشت، قابل تجدید توانائی، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے AIPA، ISC، اقوام متحدہ اور او آئی سی جیسے پلیٹ فارمز پر رابطوں کے تسلسل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

AIPA کی سیکرٹری جنرل آر ستی روزائمیریانتی نے پاکستان کی پارلیمانی سفارت کاری کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہا اور کہا کہ ISC اجلاس بروقت اور موثر پلیٹ فارم ہے، جو علاقائی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دے گا۔ انہوں نے ایشیا پیسیفک کے عوام کی خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششوں کے عزم کا اعادہ بھی کیا ملاقات کے موقع پر دونوں جانب سے امن، استحکام اور ایک خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا.