فیصل آباد( کرائم رپورٹر )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) فیصل آباد زون کی انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ ترین کریک ڈاؤن کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد اور سرگودھا نے مشترکہ طور پر بڑی کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں شان علی، محمد رضوان، سرفراز علی، حمزہ اصغر، فاروق علی، اور ذیشان علی کو فیصل آباد اور سرگودھا کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ملزمان لیبیا کے ذریعے سمندر کے راستے یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش میں ملوث تھے۔ شان علی اور محمد رضوان نے ایجنٹ سرفراز علی کی معاونت سے بیرونِ ملک فرار کی کوشش کی، جنہیں ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر کے گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم حمزہ اصغر نے ایک شہری کو دبئی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے، جب کہ فاروق علی نے کینیڈا بھجوانے کے نام پر 9 لاکھ 50 ہزار روپے کا فراڈ کیا۔ ذیشان علی نے ایک شہری کو عراق بھجوانے کے وعدے پر 4 لاکھ روپے سے زائد رقم بٹوری تمام گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقوم بٹور کر روپوش ہو گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، اور مزید کارروائیاں بھی متوقع ہیں ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی تاکہ شہریوں کو اس سنگین جرم سے محفوظ رکھا جا سکے۔