ایف آئی اے پشاور کی بڑی کارروائی جعلی پاکستانی سفری دستاویزات بنوانے کی کوشش ناکام، 5 افغان شہری گرفتار

پشاور ( کرائم رپورٹر )ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے ایک اہم کارروائی کے دوران جعلی پاکستانی سفری دستاویزات بنوانے کی کوشش کرنے والے 5 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار ملزمان کی شناخت نور احمد، حسیب اللہ، یار محمد، عبدالرحیم، اور محمد حبیب کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق مزار شریف، افغانستان سے ہے۔ یہ تمام افراد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تھے اور جعلی طریقے سے پاکستانی شناختی و سفری دستاویزات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے ایف آئی اے کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے پاکستان داخل ہوئے اور یہاں قیام کے لیے کسی بھی قسم کی قانونی دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار افراد ایک ایجنٹ کے ذریعے پاکستانی دستاویزات بنوانے کے لیے پشاور پہنچے تھے۔ ان کا مقصد جعلی شناختی دستاویزات حاصل کر کے پاکستان میں مستقل قیام یا کسی تیسرے ملک کا سفر کرنا تھا ایف آئی اے نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ اور سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور پاکستانی سفری و شناختی نظام کو جعلسازی سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔