پورا ملک بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی بے مثال سیاسی قیادت بے لوث قومی رہنمائی پرخراج عقیدت پیش کرتا ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے انتہائی نامساعد حالات میں اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیا،پاکستان دنیا کے نقشے پر پہلی اسلامی نظریاتی ریاست ہے، آنے والی نسلوں کے لئے قائد اعظم کی تعلیمات و رہنمائی پہنچانا بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، آئیں بحیثیت قوم قائد اعظم کی مدبرانہ سیاسی رہنمائی، نظریاتی اصولوں اور ایمان، اتحاد اور یقین محکم کے تحت نظام ریاست چلانے کا تجدید عہد کریں۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 77 ویں برسی پر ان کی بے مثال سیاسی قیادت اور بے لوث قومی رہنمائی پر پورا ملک ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے،قائداعظم محمد علی جناح دنیا کی تاریخ کے وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے انتہائی نامساعد حالات میں اپنی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی و مذہبی حقوق، معاشی و معاشرتی ترقی اور ان کی ثقافت کے تحفظ کے لئے ایک آزاد مملکت کے لئے پر خلوص جدوجہد کی،اللہ تعالیٰ نے قائداعظم کی قیادت میں آزادی کی جدوجہد کو بار آور کیا اور مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد ریاست کی نعمت سے نوازا، قیام پاکستان تاریخ میں اس لئے بھی منفرد اور نمایاں حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ دنیا کے نقشے میں پہلی اسلامی نظریاتی ریاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقسیم کے وقت سامنے آنے والے بے پناہ چیلنجوں کے باوجود، جن میں لاکھوں افراد کی کی نقل مکانی، وسائل کی کمی اور انتظامی رکاوٹیں شامل تھیں، انہوں نے مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی اور قوم میں آگے بڑھنے کا اعتماد اور حوصلہ پیدا کیا،قائداعظم نے ریاست پاکستان کی بنیاد مسلمہ اصولوں پر رکھی جس میں مذہبی آزادی، یکساں بنیادی حقوق، جمہوریت اور انصاف اور تمام مذہبی اقلیتوں کے لئے برابری سر فہرست ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی سیاسی میراث میں ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کا راز پنہاں ہے،پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل اور صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی منزل مقصود کے لئے پوری قوم کی اجتماعی کاوش درکار ہے، پاکستان کی آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے قائد اعظم کی تعلیمات و رہنمائی پہنچانا بھی ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم بحیثیت قوم قائداعظم کی مدبرانہ سیاسی رہنمائی، نظریاتی اصول اور ایمان، اتحاد اور یقین محکم کے تحت نظام ریاست چلانے کا تجدید عہد کریں، پوری پاکستانی قوم دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے درجات بلند کرے اور ہمیں بحیثیت قوم ان کے بتائے ہوئے راستے پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے۔