الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی وارڈ نمبر 8 کی خالی جنرل نشست پر ضمنی الیکشن کا شیڈول

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی وارڈ نمبر 8 کی خالی جنرل نشست پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ نشست ممبر کنٹونمنٹ بورڈ حافظ حسین احمد کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی شیڈول کے مطابق 10 سے 12 ستمبر تک کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے جبکہ 15 اور 16 ستمبر کو ان کی جانچ پڑتال کے بعد منظور شدہ امیدواروں کی فہرست جاری ہو گی۔ 17 سے 19 ستمبر تک کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی جنہیں 22 ستمبر تک نمٹا دیا جائے گا۔ امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشانات 24 ستمبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔

ضمنی الیکشن 5 اکتوبر کو ہوں گے اور ریٹرننگ آفیسر ارشد خان 7 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کریں گے جبکہ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے فرائض ناصر کمال انجام دیں گے۔ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق اس وارڈ میں کل ووٹرز کی تعداد 34 ہزار 92 ہے جن میں 17 ہزار 134 مرد اور 16 ہزار 958 خواتین شامل ہیں الیکشن کے لیے مجموعی طور پر 26 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جن میں مردوں کے لیے 40 اور خواتین کے لیے 37 پولنگ بوتھ ہوں گے۔ اب تک 17 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی وصول کیے ہیں جبکہ 3 امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔