راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)9 اور 10 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے تین الگ الگ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھنے والے 19 خوارج واصلِ جہنم کیے گئے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند کے علاقے گلونوں میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 14 خوارج واصلِ جہنم کر دیے گئے۔
اسی طرح کا ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن شمالی وزیرستان کے عمومی علاقے دتہ خیل میں کیا گیاجہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 خوارج سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں انجام کو پہنچے۔ضلع بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی کو سکیورٹی فورسز نے واصلِ جہنم کیا۔بھارت کے حمایت یافتہ ان ہلاک شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔