راولپنڈی ختم نبوت کانفرنس کے لیے لیاقت باغ میں سخت سکیورٹی، مکمل ٹریفک انتظامات برقرار، 225 سے زائد اہلکار تعینات

راولپنڈی (ًکرائم رپورٹر )راولپنڈی ٹریفک پولیس نے لیاقت باغ میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس کے حوالے سے مکمل ٹریفک انتظامات کر لیے ہیں۔ ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 225 سے زائد افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔

دوران کانفرنس ٹریفک کو دو مقامات سے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ صدر سے مری روڈ جانے والی ٹریفک کو جنگ بلڈنگ یوٹرن سے مری چوک کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ شہری راشد منہاس روڈ، جھنڈا اور کچہری روڈ کو بطور متبادل راستہ استعمال کر سکیں گے۔ اسلام آباد سے صدر جانے والے شہری رش سے بچنے کے لیے راول روڈ اور آئی جی پی روڈ کو متبادل راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔

ڈی اے وی کالج چوک سے لیاقت باغ جانے والی ٹریفک کو گوالمنڈی کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ راولپنڈی کی باقی تمام شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کرنے والے شرکاء کے لیے ٹیپو روڈ، وقار النساء کالج گراؤنڈ اور موتی محل میں پارکنگ فراہم کی گئی ہے۔

ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ کانفرنس کے دوران مری روڈ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈائیورشن اور شاہراہوں پر موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تعاون کریں۔ ٹریفک کی صورتحال اور رہنمائی کے لیے شہری ایف ایم 88.6 اور ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔