اسلام آباد (ًسٹاف رپورٹر )اسلام آباد شہر میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کیلئے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم، مرکزی و کمرشل بینکس کے نمائندگان سمیت سی ڈی اے اور آئی سی ٹی کے سنئیر افسران نے شرکت کی اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق اسلام آباد شہر میں کیش لیس معیشت کو فروغ دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا مقصد اسلام آباد میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کیلئے ایک مربوط روڈ میپ تیار کرنا تھا اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ممبر فنانس طاہر نعیم نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہر قسم کے لین دین کیلئے راست کیو آر کوڈ ڈسپلے کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر شہر کے ہفتہ وار بازاروں میں کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا نظام کامیابی سے متعارف کرایا جا چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں شہر بھر میں تمام مراکز، شاپنگ مالز، اور کلاس تھری مارکیٹوں تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کیش لیس نظام پر پیش رفت کے جائزہ کیلئے ایک ڈیش بورڈ تیار کیا جاچکا ہے جہاں مختلف بینکس اپنے ڈیٹا شئیر کر ریے ہیں۔ اجلاس میں عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کیلئے ایک مؤثر حکمت عملی پر زور دیا گیا ممبر ایڈمن و اسٹیٹ نے کہا کہ سی ڈی اے کا کردار ایک معاون کا ہے جو بینکوں، تاجر برادری اور کسٹمرز کے مابین ہم آہنگی پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راست یونیفائیڈ کیو آر کوڈ کو متعارف کرانے کیلئے سی ڈی اے، ایم سی آئی، آئی سی ٹی اور بینکوں پر مشتمل سیٹئرنگ کمیٹی تمام اقدامات کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو ملک بھر میں ایک ڈیجیٹلائزڈ اور مثالی شہر کے طور پر متعارف کروانا ہے سی ڈی اے کے ممبر فنانس نے اجلاس کو بتایا کہ کیو آر کوڈ سسٹم کا دائرہ کار شہر بھر میں تیزی سے نافذ کیا جارہا ہے تاکہ کیش لیس اکانومی کو مکمل طور پر نافذ العمل کیا جاسکے۔
ممبر ایڈمن و اسٹیٹ نے کہا کہ اس عمل کو مزید تیز بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں، بشمول مالیاتی اداروں، بینکوں اور کاروباری کمیونٹی کے ساتھ مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے اسلام آباد کو مکمل طور پر ایک کیش لیس اور ڈیجیٹلائزڈ شہر کے طور پر متعارف کرایا جاسکے گا ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے اسلام آباد میں شفاف، آسان، محفوظ اور تیز رفتار لین دین کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو جدید ترین ڈیجیٹل و کیش لیس محفوظ ادائیگی کے نظام سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔