اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف، خیبر پختونخوا،سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی قیادت کے اقدامات کو سراہا ہے جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی سیلاب کے دوران امدادی کارروائیوں کے حوالے سے کوششیں قابل تعریف ہیں،اس کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا ، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی قیادت کی انتھک لگن بھی تعریف کے قابل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے بے پناہ مسائل و چیلنجز نے جنم لیا ہے، پھر بھی ہمارے کسانوں، مزدوروں، خواتین اور بچوں نے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستانی قوم مصیبتوں اور صعوبتوں سے نہیں گھبراتی وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے این ڈی ایم اے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی سمیت تمام متعلقہ وفاقی محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مکمل تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔