ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو خراج عقیدت، 60ویں یوم شہادت پر شجاعت و قربانی کو سلام

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت نے پاک فوج کے عظیم ہیرو اور نشان حیدر کے حامل میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 60ویں یوم شہادت پر ان کی غیر معمولی جرات، قیادت اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لازوال قربانی ہماری آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مسلح افواج کی جانب سے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے ستمبر 1965ء کی جنگ میں لاہور کے قریب برکی سیکٹر میں مسلسل پانچ دن اور رات دشمن کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع کیا۔ ان کی بہادری، عزم اور قیادت نے نہ صرف اپنے جوانوں کے حوصلے بلند رکھے بلکہ دشمن کی پیش قدمی کو روکنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عزیز بھٹی شہید کی بے مثال قیادت اور فرض شناسی قوم کے لیے ہمیشہ ایک روشن مثال رہے گی ، ان کی قربانی محض ایک فوجی کی قربانی نہیں بلکہ جرات و حب الوطنی کی وہ داستان ہے جو آنے والی نسلوں کو ملک کے دفاع کے لیے حوصلہ اور جذبہ عطا کرتی رہے گی۔پاکستان کی مسلح افواج نے عہد دہرایا ہے کہ وہ میجر عزیز بھٹی شہید کے جذ بہ اور عزم سے سرشار ہوکر مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔پاکستان زندہ باد ، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد.