صدر مملکت آصف علی زرداری چین کے سرکاری دورے کے آغاز پر چینگدو پہنچ گئے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری اپنے چین کے سرکاری دورے کے آغاز پر جمعہ کو چینگدو پہنچ گئے، چینگدو شوانگلیو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویدونگ اور سیچوان صوبہ کے نائب گورنر ہوانگ رویکسوے نے صدر مملکت کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زیدونگ بھی صدر مملکت کے استقبال کے لیے موجود تھے ، ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری چینی قیادت اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جن میں پاکستان-چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور آل ویدر سٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے تحت مشترکہ مقاصد کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔