یورپی یونین اور مصر کا پہلا سربراہی اجلاس 22 اکتوبر کو برسلز میں ہوگا،یورپی کونسل ، یورپی کمیشن اور مصر کے صدور شرکت کریں گے

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک )یورپی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین اور مصر کے درمیان پہلی مرتبہ سربراہی اجلاس 22 اکتوبر کو برسلز میں منعقد ہوگا۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اجلاس میں یورپی یونین کی نمائندگی یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین کریں گی جبکہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

کونسل کے بیان کے مطابق یہ اجلاس مارچ 2024 میں قائم کی گئی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے فریم ورک کے تحت منعقد ہو رہا ہے جس کا مقصد سیاسی و اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنا اور استحکام، امن اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔سربراہی اجلاس میں عالمی سطح کے اہم مسائل پر بھی غور کیا جائے گا جن میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، کثیرالجہتی تعاون، تجارت، ہجرت اور سلامتی شامل ہیں۔