مومنہ اقبال نے ٹرانسجینڈر سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی: “اگر سچ ہوتا تو وقار سے تسلیم کرتی”

لاہور ( شوبز رپورٹر )علی زیدی مومنہ اقبال اداکاری کے میدان میں کامیابی کی دھاک بٹھا کر شوبز انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ بن چکی ہیں۔ بلاشبہ ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ جو ان کو ٹی وی اسکرین پر نہ صرف دیکھنا پسند کرتے ہیں بلکہ ان کی خوبصورتی اور اداکاری کی کھل کر داد بھی دیتے ہیں .

گزشتہ کچھ عرصے سے افواہوں کے بازار میں ایک خبر مومنہ اقبال کے بارے میں گرم تھی۔ جس میں مبینہ طور پر اداکارہ کو ٹرانسجینڈر کہا گیا تھا۔ تاہم اداکارہ نے اس افواہ پر کوئی ردعمل نہیں دیا تھا۔ جس کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین بھی بےتاب تھے کہ اداکارہ اس خبر پر ردعمل دیں۔

تاہم اب اداکارہ نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں کھل کر اس موضوع پر بات کی ہے۔ ٹرانسجینڈر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ردعمل دیتے ہوئے مومنہ اقبال نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی وہ اس کا کیا جواب دیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے ڈاکٹر کا نمبر دے دیں؟ انہوں نے میزبان سے سوال کیا کہ آپ مجھے بتائیں میں کہاں جاؤں اور میں کیا ثابت کروں.

اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسے ہی ہے کہ کوئی اپنی ماں سے جاکر پوچھے کہ کیا واقعی آپ نے مجھے پیدا کیا ہے؟ آپ لڑکی ہیں نہ؟ ماں کیا کرے گی آگے سے؟

اداکارہ نے دکھی دل کے ساتھ کہا کہ آپ کسی بھی عورت سے ایسے فضول سوال کیسے کرسکتے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں سچ میں ( ٹرانسجینڈر) ہوتی یا ایسا کوئی معاملہ ہوتا تو میں اس کو بہت وقار کیساتھ لیکر چلتی۔ مجھے کسی کا ڈر تھوڑی ہوتا۔ ابھی بھی ملک میں ایسے بہت سے پڑھے لکھے لوگ ہیں جو ڈاکٹر یا کسی اور باوقار پیشے سے منسلک ہیں اور وہ بہت وقار کے ساتھ اس چیز کو قبول کرتے ہیں۔ اس لیے اگر ایسا کوئی معاملہ ہوتا تو میں اسے ضرور قبول کرتی۔