وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا مستونگ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگرد گروہ “فتنہ الہندوستان” کے خلاف خفیہ اطلاع پر کی جانے والی کارروائی کو سراہتے ہوئے فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ اطلاعاتی بنیاد پر بروقت اور جرات مندانہ آپریشن میں چار خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد اس بات کا مظہر ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہماری فورسز ہمہ وقت تیار ہیں۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن عزیز کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “فتنہ الہندوستان” جیسے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد گروہوں کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ان کے تمام عناصر کو جڑ سے اکھاڑ نہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی اصل طاقت اور روشنی ہیں، جو قوم کو ہمیشہ متحد اور مضبوط رکھیں گی۔ وزیر ریلوے نے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے عزم و حوصلے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔