فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، ہلال جرات کا قصور سیکٹر اور جلال پور پیر والا ملتان میں فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ .

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات نے قصور سیکٹر اور جلال پور پیر والا ملتان میں فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا، انہوں نے سیلاب کی موجودہ صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آرمی چیف کا قصور اور ملتان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے پر مرکوز تھا تاکہ متاثرہ آبادی کےلئے موثر امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچائو اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سول انتظامیہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے گڈ گورننس اور عوامی خدمت پر مبنی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے عوام کے تحفظ کےلئے درکار بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت تمام ضروری اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو درپیش چیلنجز سےنمٹنے کےلئے مربوط سول ملٹری کاوشوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عوامی بہبود کےلئے تمام اقدامات کی معاونت کےلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔ چیف آف آرمی سٹاف نے پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے ریسکیو کئے گئے متاثرین سیلاب کے ساتھ گفتگو کے دوران ان کی آباد کاری اور بحالی میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

آرمی چیف نے امدادی کارروائیوں میں مصروف فوجی جوانوں ، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات بھی کی ۔ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں قوم کی خدمت کےلئے ان کے بلند حوصلے ، آپریشنل تیاری اور ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے لوگوں کو بروقت ریلیف اور امداد کی فراہمی کےلئے سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطوں کے حوالے سے ان کی 24 گھنٹے جاری کوششوں کی بھی تعریف کی ، چیف آف آرمی سٹاف نے نقصان کی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کےلئے لاہور، قصور ، ملتان اور جلال پور پیر والا کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔ قبل ازیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال لاہور اور ملتان کے کور کمانڈرز نے کیا۔