10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبر پختونخواہ میں دو الگ الگ کارروائیوں میں انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 خوارج جہنم واصل ہوئے ، آئی ایس پی آر

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبر پختونخواہ میں دو الگ الگ کارروائیوں میں انڈین پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا ہے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پاک فوج کے دستوں نے خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد22 بھارتی سپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کر دیا ۔اسی طرح جنوبی وزیرستان کے ضلع میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں سکیورٹی فورسز نے مزید 13 خوارج کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے 12 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئےاپنی قربانی پیش کی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔

ہندوستانی سرپرستی میں ہلاک ہونے والے خوارج جو ان علاقوں میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔انٹیلی جنس رپورٹس نے واضح طور پر ان گھناؤنے کاموں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال تشویش کا بھی باعث بنا ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے گی اور ہمارے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی بھارتی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلین اپ کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں ، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔