باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف بڑے آپریشن، وزیر ریلوے کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں فتنۂ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیوں میں دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اپنے بیان میں وزیر ریلوے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان آپریشنز کے دوران باجوڑ میں 22 جبکہ جنوبی وزیرستان میں 13 دہشتگردوں کو واصلِ جہنم کیا گیا۔

محمد حنیف عباسی نے اس بات پر دکھ اور فخر کا اظہار کیا کہ ان کامیاب کارروائیوں کے دوران وطن کے 12 بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہادت کا اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ قوم کی یادوں اور دعاؤں میں زندہ رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء پاکستان کا فخر ہیں، اور قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی وفاقی وزیر نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فتنۂ الخوارج کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کی یہ جنگ جاری رہے گی، اور قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔