صدر آصف علی زرداری کا چین کے شہر چینگڈو سے میانیانگ تک ہائی سپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نےچین کے شہر چینگڈو سے میانیانگ تک ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کیا، جو تقریباً آدھے گھنٹے میں مکمل ہوا۔سفر کے دوران صدر مملکت کو ٹرین کے نظام، سروسز، حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی فوائد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق حکام نے بتایا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی سپیڈ ریلوے نیٹ ورک ہے جو 45 ہزار کلومیٹر سے زائد پٹریوں پر مشتمل ہے اور سالانہ دو ارب سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ ٹرینیں 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہیں اور تقریباً تمام بڑے چینی شہروں کو آپس میں جوڑتی ہیں۔

چین نے ایک معیاری اور جدید مسافر نظام تیار کیا ہے جو آج دنیا کے لیے جدید رابطوں کی ایک مثال بن چکا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے چین کی پائیدار اور مضبوط ٹرانسپورٹ میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک برقی نظام اور زلزلے کی قبل از وقت اطلاع دینے کی ٹیکنالوجی ریلوے انجینئرنگ کا شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید اقدامات دیگر ممالک خصوصاً پاکستان کے لیے قیمتی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔صدر کے ہمراہ پاکستان کے سفیر برائے چین خلیل ہاشمی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ، جو صدر کے ساتھ پورے دورے میں شریک ہیں اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔میانیانگ پہنچنے پر صدر کا استقبال نائب میئر وو ہاؤ نے کیا۔