اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) کرکٹ کے بڑے حریف آج پھر دبئی میں ٹکرائیں گے ، پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ٹی20 ایشیا کپ کے گروپ اے کا اہم اور ہائی وولٹیج میچ کھیلا جائے گا تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج شام 7:30 بجے پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہوگا۔ دونوں روایتی حریف چھ ماہ میں دوسری بار آمنے سامنے آ رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ چیمپئنز ٹرافی میں مدمقابل آئے تھے۔بھارت نے ایونٹ میں یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کی، یوں دونوں ٹیمیں شاندار فارم میں ہیں دبئی میں میچ کے دوران موسم گرم رہے گا، تاہم سورج غروب ہونے کے بعد درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
ایشیا کپ میں بھارت کا پلڑا بھاری ہے، 19 میں سے 10 میچز جیت چکا، جبکہ پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کیں۔ پاکستان کی آخری فتح 2022 میں ہوئی تھی۔ بھارت 8 مرتبہ چیمپئن رہا ہے، جبکہ پاکستان نے 2 بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے آرام کو ترجیح دی، جبکہ بھارت نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ شائقین کو امید ہے کہ گرین شرٹس روایتی حریف کے خلاف بھرپور کارکردگی دکھائیں گے۔