اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے پشاور زون نے اہم کارروائیاں کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی میں ملوث 6 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا کمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان میں گل بہادر، اعتبار گل، آصف خان، جمشید، ملک زادہ اور نصیب الحق شامل ہیں، جنہیں مانسہرہ اور چارسدہ سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان بغیر کسی لائسنس کے کرنسی کی غیر قانونی لین دین اور حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے۔ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ملزمان سے مجموعی طور پر 62 لاکھ روپے نقدی برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ 1100 امریکی ڈالر، سعودی ریال، 14 موبائل فونز اور دیگر اہم شواہد بھی قبضے میں لیے گئے کارروائی کے دوران ملزمان سے حوالہ ہنڈی سے متعلق رسیدیں، رجسٹرز اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد کر لی گئیں، جبکہ ملزمان کے زیر استعمال ایک گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی سے متعلق کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے، جس پر انہیں فوری حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر قانونی ترسیلات زر کے نیٹ ورکس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، اور اس طرح کی کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔