صدر مملکت آصف علی زرداری کا شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے پہلے نیشنل کانگریس میموریل کا دورہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کو شنگھائی میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے پہلے نیشنل کانگریس میموریل کا دورہ کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میموریل شنگھائی کے تاریخی فرنچ علاقے میں واقع ہے، یہ وہ مقام ہے جہاں جولائی 1921ء میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا۔ صدر مملکت نے تاریخی شیکومن طرزِ عمارت اور نمائش ہال کا دورہ کیا، نمائش میں تاریخی نوادرات، تصاویر اور دستاویزات محفوظ ہیں۔ صدر مملکت نے اس تاریخی ورثے کے تحفظ کو سراہا، یہ میموریل قومی ثقافتی ورثہ اور شنگھائی کا نمایاں تاریخی مقام تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایک سو چار سال قبل چیئرمین مائو زی تنگ سمیت تیرہ رہنمائوں نے پارٹی کے پہلے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ کمیونسٹ پارٹی نے چین کو غربت سے نکال کر عالمی فوجی، ٹیکنالوجیکل اور معاشی طاقت بنایا۔

صدر مملکت نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی یادگار کا دورہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، یہ تاریخی مقام چین کو عالمی طاقت بنانے میں کمیونسٹ پارٹی کا کردار واضح کرتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت نے دوستی کی رفتار کو تیز کردیا ہے، ہمارے تاریخی تعلقات مزید مضبوط ہونگے اور پروان چڑھتے رہیں گے۔ صدر شی کے وژن کی بدولت چین بڑی عالمی اقتصادی طاقت بن گیا ہے، آئرن برادرز کے طور پر ہماری دوستی ہر شعبے میں ترقی کرتی رہے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین دوستی اور ہر موسم کی شراکت داری پھلتی پھولتی رہے گی۔یادگار کو قومی ثقافتی ورثے کی جگہ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور یہ شنگھائی کے اہم تاریخی مقامات میں سے ایک ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن اور وزیر منصوبہ بندی و توانائی سندھ سید ناصر شاہ بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔