ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے اغوا و دھمکی کیس میں حسن زاہد کو معاف کر دیا، عدالت سے ضمانت منظور، صحافیوں کے سخت سوالات پر خاموشی اختیار

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر )اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا اور دھمکیوں کے کیس میں نامزد ملزم حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی، عدالت پیشی کے موقع پر سامعہ حجاب سے صحافیوں نے متعدد سوالات کئے، کہا ’ آپ نے کتنے پیسوں میں ڈیل کی ہے‘؟ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری عامر ضیا نے کیس کی سماعت کی، جس دوران تفتیشی افسر محمد اسحاق عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے موقع پر سامعہ حجاب بھی عدالت میں موجود تھیں۔ عدالتی عملے نے ہدایت دی کہ جج کے حکم پر میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر جانا ہوگا سماعت کے دوران سامعہ حجاب نے عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا، جج عامر ضیا نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا معاملہ حل ہو گیا ہے؟ جس پر سامعہ حجاب نے جواب دیا کہ جی، ہمارا معاملہ طے ہو گیا ہے سامعہ حجاب نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ملزم کے ضمانت حاصل کرنے اور بری ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ سامعہ حجاب کے بیان کے بعد عدالت نے حسن زاہد کی ضمانت منظور کرلی۔ ملزم کے خلاف تھانہ شالیمار میں 2 مقدمات درج تھے۔

بعد ازاں کمرہ عدالت سے باہر آنے پر معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب سے صحافیوں نےاہم سوالات کئے، کہا کہ بہت سی خبریں آپ کے اور حسن زاہد کے حوالے گردش کررہی ہیں ٹک ٹاکر سے سوال کیا گیا کہ ’ آپ نے کتنے پیسوں میں ڈیل کی ہے؟ کل تو آپ معاف کرنے کے لئے تیار نہیں تھیں آج کیسے معاف کردیا؟ کتنے پیسے لئے آپ نے؟ صحافی نے کہا قوم نے اس مقدمے میں آپ کا ساتھ دیا ہے اور اب آپ پیچھے ہٹ رہی ہیں؟ کیا وجہ ہے؟ مرحومہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کی وجہ سے سب آپ کے ساتھ تھے کہ کوئی اور مسئلہ نہ ہوجائے، لیکن آپ نے ایک دم اللہ کے نام سے حسن زاہد کو معاف کردیا، آپ پر کوئی پریشر ہے، دباؤ ہے کیا وجہ ہے؟
کیا آپ کی جان کو خطرہ ٹل گیا ہے؟ یہ خبر بھی گردش کرہی ہے کہ آپ نے حسن زاہد کو کروڑوں روپے لے کر معاف کیا ہے؟ ٹک ٹاکر نے اس موقع پر کسی بھی سوال کا کوئی جواب نہیں دیا اور وہاں سے خاموشی سے چلی گئیں۔