لاہور (شوبز رپورٹر ) پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ، جنہیں ’’پیچھے تو دیکھو پیچھے‘‘ کے جملے سے شہرت ملی، ان کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے انتقال کی افسوسناک خبر نے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا ہے پیر کی صبح احمد شاہ نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے ایک دلخراش پوسٹ میں مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے ہیں۔ اس خبر نے سوشل میڈیا پر افسردگی کی فضا پیدا کردی اور مداحوں نے غمزدہ خاندان کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع کردیا اہلِ خانہ کے مطابق، عمر شاہ کی طبیعت اچانک رات کو خراب ہوئی۔ انہیں متلی اور الٹی ہوئی، جس کے دوران کوئی چیز سانس کی نالی میں چلی گئی۔ فوراً سول اسپتال لے جایا گیا مگر بدقسمتی سے ڈاکٹرز کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور فجر کے وقت اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
یاد رہے کہ عمر شاہ اپنے بڑے بھائی احمد شاہ کے ہمراہ متعدد ٹی وی پروگرامز اور خاص طور پر رمضان ٹرانسمیشن میں جلوہ گر ہوچکے تھے۔ ان کی معصوم مسکراہٹ اور دلکش معصومیت نے ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔ گزشتہ برس جولائی میں عمر شاہ کی آنکھوں کا آپریشن بھی ہوا تھا، جس کے بعد ان کی صحت میں بہتری آگئی تھی، لیکن اچانک پیش آنے والے اس سانحے نے ہر کسی کو ہلا کر رکھ دیا احمد شاہ اور ان کے بھائی بچپن ہی سے سوشل میڈیا پر اپنی معصوم باتوں اور منفرد انداز کی وجہ سے مقبول رہے۔ جہاں احمد شاہ نے اپنی معصومانہ حرکات سے پوری دنیا میں شہرت حاصل کی، وہیں عمر شاہ بھی اپنے بھائی کے ہمراہ ناظرین کو محظوظ کرتے رہے۔ اب ان کے انتقال نے نہ صرف احمد شاہ کے اہلِ خانہ بلکہ ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو بھی سوگوار کردیا ہے۔