اداکارہ سارہ عمیر نے طلاق کی خبروں کی تصدیق کر دی، ریئلٹی شو ’تماشا‘ کو سکون اور حوصلے کا ذریعہ قرار دے دیا

لاہور (شوبز رپورٹر ) پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ سارہ عمیر نے آخرکار اپنی طلاق کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے طویل عرصے سے جاری خاموشی توڑ دی ہے سارہ عمیر، جنہوں نے 2008ء میں پی ٹی وی کے ایک ڈرامے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا، شاندار اداکاری اور منفرد انداز کی بدولت ناظرین میں بے حد مقبول ہوئیں۔ ان کے کریڈٹ پر کئی ہٹ ڈرامے ہیں، جب کہ وہ نجی ٹی وی کے مقبول ریئلٹی شو دیسی کڑیاں کا ٹائٹل جیت کر بھی شہرت حاصل کر چکی ہیں 2014ء میں انہوں نے مشہور ہدایتکار محسن طلعت سے شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ تاہم حالیہ دنوں میں جب وہ ریئلٹی شو تماشا سیزن 4 سے باہر ہوئیں تو ایک ٹاک شو میں مدعو ہوئیں، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی طلاق کی تصدیق کی۔

سارہ عمیر نے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ اور ان کے سابق شوہر ایک ہی فیلڈ سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے اکثر سامنا ہو جاتا ہے۔ ان کے بقول: “میں سمجھتی ہوں کہ اب سب کو بتا دینا چاہیے کہ میری طلاق ہو چکی ہے، جو کہ تماشا میں آنے سے چند ماہ پہلے ہوئی۔ اُس وقت میں شدید ذہنی دباؤ میں تھی اور بطور سنگل پیرنٹ کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اداکارہ نے مزید کہا کہ ریئلٹی شو تماشا نے انہیں سکون اور نیا حوصلہ دیا۔ شو کے دوران نہ فون تھے، نہ بیرونی دنیا سے رابطے، اور نہ ہی کوئی ملاقاتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ چاہتی تھیں کہ کچھ وقت ایسی جگہ گزاریں جہاں سگنلز نہ ہوں، اور یہ خواہش تماشا میں پوری ہوئی۔ سارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنی مشکلات دیکھی ہیں کہ تماشا کا ماحول ان کے لیے صرف ایک کھیل محسوس ہوا۔ ان کے مطابق جب وہ دوسروں کو جھگڑتے دیکھتی تھیں تو سب کچھ بچگانہ لگتا تھا۔