رمشا کالونی تہرے قتل کیس کے دو ملزمان قلیل وقت میں گرفتار

اسلام آبا د(کرائم رپورٹر )اسلام آباد پولیس ٹیموں نے قلیل وقت میں رمشا کالونی تہرے قتل کیس میں ملوث دو ملزمان کو گرفتارکر لیا، گرفتار ملزمان نے مقتولین کو نشہ اور گولیاں جوس میں ملا کر بے رحمی سے قتل کیا اور ان کے موبائل فون لے کر فرار ہو گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد جواد طارق نے ریسکیو15 پریس کانفرنس کی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان ،ایس پی سٹی اور دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے ،ڈی آئی جی اسلام آباد نے بتا یا کہ وفاقی دارلحکومت اسلام آبادکے تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقے رمشا کالونی میں تین افراد کے اندوہناک قتل کا معمہ اسلام آباد پولیس قلیل وقت میں کامیابی سے حل کر لیا،انہوں نے مزید بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے محمد اکرام، ان کے بیٹا عمانوئیل اور بیٹی زویہ کو نشہ اور گولیاں جوس میں ملا کر بے رحمی قتل کیا اور مقتولین کے موبائل فون لے کر موقع سے فرار ہوگئے.

وقوعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی مقامی پولیس ٹیموں اور سینئر پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر ڈیڈ باڈیز کو ہسپتال منتقل کروایا ،موقعہ ملاحظہ کیا اور اس وقوعہ کا مقدمہ درکیا، ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ انہوں نے ملزمان کی گرفتار ی کے لئے ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں انچارج آر ڈی یو ، ایس ایچ او تھانہ انڈسٹریل ایریا معہ دیگر افسران پر مشتمل خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی ، پولیس ٹیم نے تمام تکنیکی اور انسانی ذرائع استعمال کرتے ہوئے اس سنگین نوعیت کے وقوعہ میں ملوث دوملزمان کو قلیل وقت میں ٹریس کرکے گرفتار کر لیا.

گرفتار ملزمان کی شناخت یشوا ولد بہادر اور یشوا ولد رمضان کے ناموں سے ہوئی ہے،پولیس ٹیموں نے سیف سٹی کیمروں، تکنیکی ذرائع اور جدید تفتیشی طریقوں سے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا،انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں مقدمہ مکمل کر کے انہیں عدالت میں چالان کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی،اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہے.