اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کے تحت اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ اور ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے درمیان سینٹر آف ایکسی لینس اِن گیمنگ اینڈ اینیمیشن (سیگا) قائم کرنے کا معاہدہ طے پایا۔ یہ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت اور مواقع فراہم کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا سیگا کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں 200 اسٹارٹ اپس کو انکیوبیٹ کیا جائے گا، 10 ہزار نوجوانوں کو گیمنگ اور اینیمیشن کی جدید مہارتیں سکھائی جائیں گی، جبکہ 100 نشستوں پر مشتمل جدید کوورکنگ اسپیس بھی قائم کیا جائے گا جہاں نوجوان تخلیقی اذہان کو یکجا ہوکر کام کرنے کا موقع ملے گا معاہدہ وزارت آئی ٹی میں طے پایا جس میں وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزارت کے حکام، اگنائٹ اور ہم نیٹ ورک کے نمائندگان شریک ہوئے ۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن ویژن کے تحت حکومت ٹیکنالوجی اور تخلیقی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ سیگا سے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت ملے گی، گیمز اور اینیمیشن کا ایکو سسٹم مضبوط ہوگا اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا سی ای او ہم نیٹ ورک دورید قریشی نے کہا کہ سیگا صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ نوجوانوں کے خوابوں اور تخلیقات کو حقیقت بنانے کا مرکز ہے۔ سی ای او اگنائٹ رفیق بوریرو نے کہا کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو عالمی سطح پر کامیاب بنانے کے لیے انفراسٹرکچر اور جدید مہارتیں فراہم کرے گا یہ منصوبہ اگنائٹ کے بڑے مشن کا حصہ ہے جس کے تحت نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پروجیکٹس اور نئی ٹیکنالوجیز پر خصوصی پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں۔ سیگا پاکستان کو گیم ڈویلپمنٹ اور اینیمیشن کا علاقائی مرکز بنانے میں مدد دے گا اور ملک کو ایک روشن ڈیجیٹل مستقبل کی طرف لے جائے گا.