عمرہ زائرین کیلئے اہم پیش رفت: وزارتِ مذہبی امور نے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کر دی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزارتِ مذہبی امور نے عمرہ زائرین کو جعل سازی، دھوکہ دہی اور فراڈ سے بچانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلامی سال 1447 ہجری کے لیے 113 مصدقہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ فہرست وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے اور عمرہ زائرین کو تاکید کی گئی ہے کہ بکنگ سے قبل کمپنی کی تصدیق ضرور کریں وزارت کے ترجمان کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی عمرہ کمپنی سے معاہدہ کرنے سے پہلے اس کمپنی کی تصدیق شدہ حیثیت وزارت کی ویب سائٹ سے چیک کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

اہم ہدایات برائے عمرہ زائرین:
عمرہ کمپنی کی تصدیق وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ سے کریں۔
ادائیگی صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ میں بینک کے ذریعے کریں، نقد ادائیگی سے اجتناب کریں۔
کمپنی سے ادائیگی کی رسید اور معاہدے کی کاپی لازمی حاصل کریں۔
عمرہ کمپنی سے مکمل پیکج بک کروائیں جس میں ویزہ، فضائی ٹکٹ، ٹرانسپورٹ اور رہائش شامل ہو۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہر سال عمرہ سیزن کے دوران کئی معصوم افراد فراڈ کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کی روک تھام کے لیے یہ فہرست جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر رجسٹرڈ یا مشکوک کمپنیوں سے بچیں اور صرف مصدقہ اور مستند کمپنیوں سے ہی عمرہ پیکج حاصل کریں وزارتِ مذہبی امور کا یہ اقدام عمرہ زائرین کے مفاد میں ایک مثبت اور بروقت فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔