وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سعودی فضائی حدود میں داخلے پر شانداراستقبال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف کے طیارے کا سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخلے پر سعودی فضائیہ کے لڑا کا طیاروں نے شاندار استقبال کیا۔ بدھ کو دورہ سعودی عرب کیلئے وزیراعظم کا طیارہ جیسے ہی سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا تو سعودی فضائیہ کے ایف 15 لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کی فضائی حدود میں بھرپور استقبال پر سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر ماحولیات مصدق ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں ، وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

دورہ کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا جس سے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ مذہبی اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں.