چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی ،جیالے سیلاب متاثرین کیلئے عطیات جمع کرینگے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ تقریبات منعقد نہیں کی جائیں گی بلکہ جیالے سیلاب متاثرین کیلئے عطیات جمع کریں گے۔بدھ کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان اور جیالے 21 ستمبر 2025 کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر کسی قسم کی کیک کاٹنے یا جشن منانے کی تقریب منعقد نہیں کریں گے۔

ملک اس وقت شدید سیلابی صورتحال سے دوچار ہے اور عوام مشکلات و مصائب میں گھِرے ہوئے ہیں۔ ایسے حالات میں خوشی منانے کے بجائے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنان پہلے ہی ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مدد میں سرگرم عمل ہیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے دن کو بھی خدمتِ خلق اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وقف کیا جائے گا۔

مزید برآں پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 21 ستمبر 2025 کو خوشی منانے کے بجائے پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان ملک بھر میں اپنی مدد آپ کے تحت عطیات جمع کریں گے اور یہ براہِ راست سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے گی۔