اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے عمرکوٹ میں ایچ پی وی ویکسی نیشن عمل کا جائزہ لیا

کراچی (سٹاف رپورٹر )پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر، محمد یحییٰ نے بدھ کو ضلع عمرکوٹ کا دورہ کیا اور اقوام متحدہ کے تعاون سے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ دیگر ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ، انہوں نے ہیومن پاپیلوما وائرس (HPV) ویکسی نیشن مہم کا بھی مشاہدہ کیا، جو محکمہ صحت سندھ اور ای پی آئی کی نگرانی میں جاری ہے۔

سکول کے دورے کے دوران، یحییٰ نے ویکسین شدہ بچیوں کی انگلیوں پر نشان لگایا جو تحفظ اور شمولیت کی علامت ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں، ویکسینیٹرز اور سماجی ورکرز کی ان کوششوں کو سراہا جو نوعمر بچیوں کو “سروائیکل” کینسر سے بچانے کے لئے سرگرم ہیں۔یونیسیف فیلڈ آفس سندھ کے سربراہ پریم بہادر چند نے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر کو مہم میں یونیسیف کی معاونت پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ یونیسیف اس مہم کی کامیابی کے لیے تکنیکی معاونت، ابلاغ، سماجی تحرک، مانیٹرنگ اور کمیونٹی کی شمولیت فراہم کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیسیف صحت، تعلیم، پانی اور غذائیت کے شعبوں میں بھی مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ یحییٰ نے محکمہ صحت، یونیسیف اور دیگر شراکت داروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین سے ہزاروں نوعمر بچیوں تک پہنچنا پاکستان میں رحم گردن کے کینسر کے خاتمے کی جانب ایک سنگ میل ہے۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی قاسم سراج سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔