راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی پراکسی فِتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب، سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھارتی پراکسی فِتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کےتبادلے کے بعد پانچ ‘بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں’ کو ہلاک کر دیا۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ، کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی سےعلاقے کو مکمل طور پرپاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے “بھارت کی زیر سرپرستی دہشت گردی”کے خاتمے اور دہشت گردی میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔