رکشہ ڈرائیوروں سے پیسے بٹورنے والا محمد عارف جعلی ٹریفک اہلکار گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر)گنجمنڈی کے علاقے میں ٹریفک پولیس کی وردی میں ملبوس جعلی اہلکار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈن فیصل بشیر نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جعلی اہلکار کو اس وقت پکڑا جب وہ رکشہ ڈرائیوروں سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کر رہا تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے ٹریفک پولیس کی باقاعدہ وردی اور ریفلیکٹنگ جیکٹ زیب تن کر رکھی تھی اور خود کو ٹریفک وارڈن ظاہر کر کے شہریوں سے 100 سے 1200 روپے تک وصول کر رہا تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد عارف ولد محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے کارروائی کے دوران جعلی اہلکار کے قبضے سے نقد رقم اور جعلی پولیس کارڈ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گنجمنڈی میں باضابطہ درخواست دے دی گئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم نے فرض شناسی اور مستعدی دکھانے پر ٹریفک وارڈن فیصل بشیر کو شاباش دیتے ہوئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے سی ٹی او راولپنڈی کا مزید کہنا تھا کہ شہری کسی بھی قسم کی کرپشن یا مشکوک سرگرمی کی اطلاع آن لائن پورٹل یا ٹریفک ہیڈکوارٹر کے کمپلین سیل پر دے سکتے ہیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔