اسلام آباد (کرائم رپورٹر)اسلام آباد ٹریفک پولیس کا سرکاری ملازمین کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے مہم کا آغاز تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو 17ستمبر سے 26ستمبر تک ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے ٹریفک دفاتر اور سہولت وینز پر تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں،جسکے بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائے گی سی ٹی او اسلام آباد.
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سیدعلی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سرکاری ملازمین کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے خصوصی مہم کا آغازکردیا ہے،جس کے تحت تمام سرکاری اداروں کے ملازمین کو 17ستمبر سے 26ستمبر تک ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے ٹریفک دفاتر اور سہولت وینز پر تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں،جبکہ 26ستمبر کے بعد تمام سرکاری ملازمین جو بغیر لائسنس ڈرائیونگ کریں گے تو ان کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی.
،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ اسلام آبادٹریفک پولیس کا سیکریٹریٹ بلاکس میںحالیہ غیر قانونی پارکنگ کیخلاف جاری آپریشنز کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ بڑی تعداد میں سرکاری اداروں کے ملازمین کے پاس گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس موجود ہی نہیں تھے،انہوں نے مزید کہا کہ بطور سرکاری ملازم ہمارا احتساب سب سے پہلے خودسے شروع ہوتا ہے جس کے بعد میں ہم شہریوں کو چیک کرنے کا حق رکھتے ہیں .
اس سلسلے میں26ستمبر تک اسلام آباد ٹریفک پولیس کے تمام دفاتر اور دیگر وسائل آپ کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے بھرپور سہولیات مہیا کریں گے جبکہ اس کے بعد کوئی بھی سرکاری ملازم خواہ وہ کسی بھی ادارے سے ہو یا کسی بھی رینک کا ہو اس کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اسی طرح گاڑی کو بند کرنے سمیت انکے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کیا جائے گا،سی ٹی او اسلام آباد نے مزید کہا کہ یہ اقدام نہ صرف قانون کی پاسداری کو یقینی بنائے گا بلکہ ٹریفک نظام کو بہتر اور محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا،میری تمام محکموں اور افسران سے گزارش ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اپنا لائسنس حاصل کریں.