جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان کا پریس کانفرنس میں دعوی

اسلام آبا د (کرائم رپورٹر ) سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد محمد شعیب خان نے دعوی کیا ہے کہ ڈکیتی کے واقعات میں 2024 کے مقابلے 2025 میں 35 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ گاڑی ، موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 21 فیصد کمی آئی ہے ،فروری سے اب تک 392 گینگز کے 839 ملزمان گرفتار کیے ہیں.

محمد شعیب خان نے ریسکیو – 15پر اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، اسلام آباد پولیس کی جانب سے پریس ریلیز میں ہی دعوی کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحا ل کو یقینی بنانے کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے،اس سلسلے میں شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں،ایس ایس پی آپریشنز نے مزید کہا کہ اسلام آبادمیں ڈکیتی کے واقعات میں 2024 کے مقابلے 2025 میں 35 فیصد کمی آئی ہے.

جبکہ گاڑی ، موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 21 فیصد کمی آئی ہے ،پولیس ٹیموںکی موثر کارروائیوں کی وجہ سے فروری سے اب تک 392 گینگز کے 839 ملزمان کو گرفتارکیا گیا، میرے چارج سنبھالنے سے پہلے روزانہ 60 سے 70 کالز ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار – 15پر آتی تھیں، اس کو بہتر حکمت عملیوں اور موثرکارکردگی سے کم کرکے ہم نے 5 سے 10 کالز کردیا ہے،جبکہ ہم نے ان خطرناک جرائم پیشہ گینگز کو پکڑا اور جرائم کی شرح کو کم کیا ہے ،ان گینگز میں سے بیشتر گینگز افغانی تھے، اسی طرح انہو ں کہا کہ راجن پور گینگ سمیت دو گینگز کے 07ممبران کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، اس جرائم پیشہ گرو ہ نے گھر میں داخل ہوکر شہریوں کو زد و کوب کیا اور 80 لاکھ روپے نقدی، سونا اور دیگر قیمتی ایشیا اپنے ساتھ لے گئے،ہمیں اس وقوعہ کی پکار- 15پر کال موصول ہوئی جس میں گھر کی ملازمہ بھی شامل تھی، گرفتار گروہوں سے کروڑوں روپے کا چھینا گیا مال مسروقہ بھی برآمد کیا گیا.

ایس ایس پی آپریشنز نے مزید کہا کہ ان تمام آپریشنز میں سیف سٹی اسلام آبادکے کیمروں نے کلیدی کرداراد کیا ہے ، اسلام آباد میں الحمد اللہ جرائم کے واقعات کو کنٹرول کرلیا گیا ہے،تمام ایس ایچ اوز ، تفتیشی افسران سمیت سینئر پولیس افسران ہمہ وقت کام کر رہے ہیں، لوگوں سے درخواست ہے کہ گھر میں کام کرنے والے ملازمین کو پولیس خدمت مرکز میں رجسٹر کروائیں اوراپنے ملازمین کے کرمنل رکارڈ کو چیک کروائیں،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.