وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی برٹش ہائی کمشنر جین میرئیٹ سے ملاقات

پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے برٹش ہائی کمشنر جین میرئیٹ نے ملاقات کی جس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا سی ایم ہائوس کے تر جمان کے مطابق بدھ کے روز ہونے والی ملاقات میں صوبے میں برطانوی حکومت کے تعاون سے جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی ،دونوں رہنمائوں نے سماجی شعبوں میں صوبائی حکومت اور برطانوی اداروں کی شراکت داری اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا برطانوی ہائی کمشنر نے سیڈ اور ایس این جی پروگرامز کے بعد صوبے میں ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا عندیہ دیا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت برطانوی حکومت کے ذیلی اداروں خصوصا سیڈ اور ایس این جی پروگرام کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، سیڈ اور ایس این جی پروگرامز نے صوبائی حکومت کے محکموں کی استعداد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا جس پر سیڈ ، ایس این جی کی ٹیمز اور برطانوی حکومت کا مشکور ہوں، حکومت سیڈ اور ایس این جی پروگراموں کے تسلسل کو جاری رکھنے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو کلائمیٹ چینج کا چیلنج درپیش ہے جس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے خطیر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، حالیہ سیلاب سے تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا عمل جاری ہے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت معاشی ترقی خصوصا ضم اضلاع میں روزگار کے مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ترقیاتی وسائل کے بہتر استعمال کے لئے ترقیاتی منصوبوں کی موثر پلاننگ اور شفافیت کے لئے سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن پر کام کر رہے ہیں،ان شعبوں میں بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کو امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے،جب تک افغانستان میں حالات ٹھیک نہیں ہوں گے خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے مذاکرات اور جرگوں کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا نے کئی عشروں تک اپنے افعان بہن بھائیوں کی مہمان نوازی کی ،ہم ان مہاجرین کی باعزت واپسی چاہتے ہیں،صوبائی حکومت وطن واپس جانے والے افعان مہاجرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔