ای سی سی اجلاس، پانچ سال پرانی استعمال شدہ گاڑیوں کی تجارتی درآمد کی مشروط اجازت

اسلام آبا د (کامرس رپورٹر ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کرتے ہوئے پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی تجارتی درآمد کی مشروط اجازت دے دی، جو 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس آج وزارتِ خزانہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے نیویارک سے ورچوئلی کی اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی تجارتی درآمد سے متعلق سمری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد تجاویز کی منظوری دے دی گئی ای سی سی نے درآمدی پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کرتے ہوئے پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی تجارتی درآمد کی مشروط اجازت دے دی، جو 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس کے بعد گاڑیوں کی عمر کی حد ختم کر دی جائے گی۔ تاہم اس تجارتی درآمد کو ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات کی سختی سے پابندی سے مشروط کیا گیا ہے۔

کمیٹی نے مزید فیصلہ کیا کہ ان گاڑیوں پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ 40 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی (RD) بھی عائد کی جائے گی، جو 30 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس کے بعد یہ ڈیوٹی ہر سال 10 فیصد کم کی جائے گی اور 2029-30 تک مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی، جیسا کہ ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات میں تجویز کیا گیا ہے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ ایک اور سمری پر غور کرتے ہوئے پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے لیے 800 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور مختلف وزارتوں و ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی.