ایف آئی اے میں جامع اصلاحات: آپریشنل ڈھانچہ تین ریجنز میں تقسیم، دو نئے زونز کا قیام

اسلام آبا د(کرائم رپورٹر )ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایات پر ادارے میں جامع اصلاحات اور تنظیمِ نو کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے کے آپریشنل ڈھانچے کو اب تین ریجنز میں تقسیم کر دیا گیا ہے تاکہ کارکردگی میں بہتری اور پبلک سروس کی فراہمی مزید مؤثر بنائی جا سکے نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت نارتھ، سنٹرل اور ساوتھ ریجنز قائم کیے گئے ہیں جن کی سربراہی ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے کریں گے۔ اس سے قبل ایف آئی اے کا آپریشنل ڈھانچہ صرف نارتھ اور ساوتھ ریجنز پر مشتمل تھا ، نارتھ ریجن میں اسلام آباد، گلگت بلتستان، پشاور اور کوہاٹ زونز شامل ہوں گے۔ سنٹرل ریجن میں لاہور، گجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان زونز جبکہ ساوتھ ریجن میں کراچی، حیدر آباد، سکھر اور بلوچستان زونز شامل ہیں۔

مزید برآں، دو نئے زونز بھی قائم کیے گئے ہیں جن کے نام گلگت بلتستان زون اور سکھر زون رکھے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان زون کا زونل آفس گلگت میں قائم کیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل گلگت اور سکردو کے سرکلز اسلام آباد زون میں شامل تھے۔ سکھر زون کا زونل آفس سکھر میں قائم کیا جائے گا ایف آئی اے حکام کے مطابق ان اصلاحات کا مقصد ادارے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا اور عوام کو خدمات کی فراہمی میں تیزی اور شفافیت لانا ہے یہ اقدامات ایف آئی اے کی تنظیمی ساخت میں مثبت تبدیلیاں لانے کے ساتھ ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی کوشش ہیں تاکہ ملکی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ ہو۔