کراچی (کرائم رپورٹر )ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے حال ہی میں دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالمبین اور عقیل حسین کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں کراچی کے علاقے فش ہاربر حیدری سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، یہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھاری رقوم ٹرانسفر کرنے میں ملوث تھے۔
ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 22 لاکھ 25 ہزار روپے اور 857 ملائشین رنگٹ برآمد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، گرفتار افراد سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق دیگر اہم شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے تسلی بخش وضاحتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انہیں گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ایف آئی اے کی ٹیم ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے تاکہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے یہ کارروائی ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات کے عین مطابق ملکی مالیاتی نظام کو غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔