کوئٹہ(کرائم رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایت پر ایف آئی اے بلوچستان زون کی جانب سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں اہم پیش رفت کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے گرفتار ملزمان میں علی خان، ہدایت اللہ اور صدام حسین شامل ہیں، جنہیں کوئٹہ اور چمن سے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ہدایت اللہ افغانستان سے حوالہ ہنڈی کا منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا، جو سرحد پار غیر قانونی مالی لین دین میں ملوث تھا کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 18 لاکھ 26 ہزار پاکستانی روپے، چیک بکس، موبائل فونز اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد برآمد ہونے والی کرنسی کے بارے میں کوئی تسلی بخش وضاحت نہ دے سکے۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے وابستہ مختلف ٹرانزیکشنز میں ملوث رہے ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی منی ایکسچینج کے ذریعے معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی، اور ان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ادارہ ان جرائم میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے۔