اسلام آباد(کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد کاتھانہ جات اور ایس پیز کے دفاتر میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کےلئے دورے عوامی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کےلئے دیئے گئے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا،افسران کو شہریوں سے مثالی رویہ اپنانے کی ہدایت کی، اسلام آباد پولیس عوامی خدمت اور سہولت کے جذبے کے ساتھ جدید خطوط پر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے،سید علی ناصررضوی
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد پولیس میں سروس ڈیلیوری، عوامی سہولیات اور شہریوں کے ساتھ پولیس رویے کو مزید بہتر بنانے کیلئے اسلام آباد کے مختلف تھانہ جات اور زونل ایس پیز دفاتر کے دورے کیے،اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے،آئی جی اسلام آباد نے پولیس اسٹیشن کے دورے کے دوران فرنٹ ڈیسک، محرر روم اور دیگر اہم شعبہ جات کا معائنہ کیا، انہوں نے شہریوں سے براہ راست رابطہ رکھنے والے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ مثالی رویہ اپنائیں اور انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،اس موقع پر انہوںنے عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے دیئے گئے احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا مشاہدہ کیا اور افسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا.
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے،انہوں نے تھانہ جات میں متعارف کرائے گئے جدید ٹیکنالوجی بیسڈ سافٹ ویئرز اور دیگر نئے انیشیٹوز کا بھی جائزہ لیا، ویٹنگ ایریاز اور شہری سہولیات کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کی ہدایات جاری کیں تاکہ تھانہ کو ایک حقیقی عوامی خدمت مرکز بنایا جا سکے،آئی جی اسلام آباد نے زونل ایس پیز کے دفاتر کا بھی دورہ کیا اور انہیں عوامی مسائل کے بروقت حل کیلئے جامع اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی،انہوںنے کہا کہ ہر تھانہ عوامی خدمت کا مرکز ہے.
شہریوں کو خوش اخلاقی، سہولت اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، ٹیکنالوجی کا موثر استعمال نہ صرف شہریوں کیلئے آسانی پیدا کرتا ہے بلکہ پولیس نظام میں شفافیت بھی لاتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس جدید خطوط پر مبنی اصلاحات، عوامی سہولیات کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے انضمام کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو بہترین بنانے کیلئے پرعزم ہے،ان دوروں کا مقصد نہ صرف پولیس اسٹیشنز میں شہری سہولیات کا جائزہ لینا تھا بلکہ پولیس افسران کو عوام دوست رویے، شفافیت اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کی ہدایات دینا بھی تھا.