اسلام آباد (کرائم رپورٹر ) ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے 13ویں ریڈ بک جاری کر دی ہے جس میں مختلف مقدمات میں 143 انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز کے نام شامل ہیں۔ ان مجرموں کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز میں متعدد مقدمات درج ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ریڈ بک میں شامل انسانی سمگلرز مختلف زونز میں مطلوب ہیں جن میں لاہور زون کو 14، گجرانوالہ زون کو 70، فیصل آباد زون کو 13، ملتان زون کو 3، اسلام آباد زون کو 25، کراچی زون کو 10، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ (کے پی) زون کو ایک، ایک جبکہ کوہاٹ زون کو 6 انسانی سمگلرز کی تلاش ہے ، سال 2023 کی ریڈ بک میں شامل 51 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ باقی مجرموں کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان انسانی سمگلرز کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹس بھی بلیک لسٹ کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ قانونی حدود سے باہر نہ جا سکیں۔
ایف آئی اے نے بیرون ملک فرار ہونے والے انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لیے بھی ریڈ نوٹسز جاری کر دیے ہیں تاکہ عالمی سطح پر ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے جاری یہ کریک ڈاؤن اس جرم کے خلاف سخت عزم اور مؤثر کارروائی کا ثبوت ہے۔