اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت آپریشنل کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کیلئے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ،شہریوں کی خدمت اور قانون کے موثر نفاذ کو اولین ترجیح بنایا جائے اور جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کو مزید بہتر کیا جائے.
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی زیر صدارت آپریشنل کمانڈرز کانفرنس کا انعقادہوا، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزمحمد ہارون جوئیہ ، ڈی آئی جی اسلام آبادمحمد جواد طارق، ایس ایس پیز، زونل ایس پیز اور ڈائریکٹر آئی ٹی نے شرکت کی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کیلئے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اورافسران کو ہدایت دی کہ شہریوں کی خدمت اور قانون کے موثر نفاذ کو اولین ترجیح بنایا جائے اور جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات کو مزید بہتر کیاجائے.
انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے، “نشہ اب نہیں” تحریک کے دائرہ کار کو وسیع کرنے اور شہریوں کی آسانی کے لیے زیادہ سے زیادہ آن لائن سہولیات فراہم کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس افسران کی استعداد کارکو مزید بڑھانے کیلئے ٹریننگ کو مزید بہتر سے بہتر بنایا جائے، اسلام آباد پولیس پرعزم ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان سمیت سکیورٹی کی صورتحال کے دوران اپنے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت آخری حد تک کرے گی،انہوں نے تمام آپریشنل کمانڈرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ماتحت ٹیموں کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کو یقینی بنائیں،تمام کمانڈرز سخت محکمانہ احتساب کے ساتھ جوانوں کی ویلفئیر کا بھی خاص خیال رکھیںاور انہیں روزانہ کی بنیادوں پر بریف کریں۔