آر ڈی اے کا چکری روڈ راولپنڈی پر انسداد تجاوزات آپریشن، تجاوزات مسمار و 50 غیر قانونی کمرشل یونٹس سر بمہر۔

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ریٹائرڈ) نورالامین مینگل کی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی نگرانی میں آر ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ نے راولپنڈی میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ انسداد تجاوزات کی حالیہ کارروائی چکری روڈ راولپنڈی پر کی گئی، جس میں آر ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ نے غیر قانونی ریڑھیاں، عارضی و مستقل تجاوزات کو ہٹا دیا، جو نہ صرف عوامی راستوں میں رکاوٹ تھیں بلکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے بھی خطرہ بن رہی تھیں۔ اسی دوران بغیر کمرشلائزیشن کے حوالے سے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا، اور تقریباً 50 غیر قانونی کمرشل یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انسداد تجاوزات قوانین اور ڈینگی سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت لازم ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کیے جا رہے ہیں، جنہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے پراپرٹی مالکان، بلڈرز اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانونی تقاضوں کی پیروی کریں، آر ڈی اے کے ساتھ تعاون کریں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ راولپنڈی کی سڑکوں کو محفوظ، قابل رسائی اور تجاوزات سے پاک رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ آپریشن شیزا تنویر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے کی قیادت میں، بلڈنگ سروئیر عامر محمود ملک اور دیگر انفورسمنٹ اسٹاف کی معاونت سے، متعلقہ تھانہ دھمیال پولیس کے تعاون سے انجام دیا گیا۔